جمعہ، 8 اکتوبر، 2021

خراج عقیدت در بارگاہ رضا

                 ✒️ از قلم: طاہرہ فاطمہ برکاتی ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 

                   ◼️ محدث بریلوی کا تبحر علمی ◼️

         امام اہل سنت ، سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں محدث بریلوی علم و فضل، ورع و تقوی، صدق و صفا،  نور و نکہت، شرافت و کرامت طبع و نفس، روحانیت و تقدس، دانش و بینش، اور فضل و کمال کا پیکر تھے بلکہ ایسے عالم ربانی تھے جن کا دل و دماغ روشن، اور جن کا پورا وجود علم و فضل و کمال سے معمور تھا، آپ شہیر حل و حرم اور مقبول عرب و عجم تھے، اکابرین حجاز مقدس نے آپ سے سندیں اور اجازتیں لیں، آپ کی کتب و رسائل اور فتاویٰ و تصدیقات و تقریظات مشاہیر علمائے اسلام سے مزین ہیں، آپ کی مجالس و محافل میں ہر لمحہ ذکر خدا اور رسول ہوتا اورآپ کی ہر بات اور ہر ادا سنت مصطفیٰ علیہ التحیۃ والثنا کی مجسم تصویر، اور اسلاف کرام کی روایتوں کی امین ہوتی، ___ آپ کی وسعت نظر، جودت فکر، ذہن ثاقب اور راے صائب نے آپ کو اپنے دور میں پوری دنیا کا مرکز اور مرجع فتاویٰ بنا دیا تھا، آپ کے یہاں متحدہ ہندوستان کے علاوہ، برما، چین، امریکہ، افغانستان، افریقہ، اور حجاز مقدس وغیرہا سے بکثرت استفتاء آتے اور ایک ایک وقت میں پانچ پانچ سو جمع ہوجاتے، ان سب کا جواب نہایت فراخدلی اور خلوص و للّٰہیت سے دیا جاتا، آپ کے فتاویٰ سے متاثر ہو کر بڑے بڑے علامۂ وقت اتنا لکھ چکے ہیں کہ ان کو جمع کیا جاے تو ایک ضخیم کتاب بن جاے، آپ کے بعض عربی فتاویٰ کو ملاحظہ فرمانے کے بعد محافظ کتب حرم سید اسمعیل خلیل نے لکھا اور کیا خوب لکھا: " قسم کھا کر کہتا ہوں اور حق کہتا ہوں کہ اگر ان فتاویٰ کو امام اعظم ابو حنیفہ ملاحظہ فرماتے تو ان کو خوشی ہوتی اور صاحب فتاویٰ کو اپنے شاگردوں میں شامل کرلیتے"(مقدمہ عقائد و کلام)، المختصر!___ آپ کو 50 سے زیادہ علوم و فنون میں تبحر حاصل تھا، اور جس فن میں قلم اٹھایا تحقیق انیق کے دریا بہائے، آپ نے 50 سے زیادہ علوم و فنون پر تقریباً 1000 کتابیں تصنیف فرمائیں____!

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں